پی ٹی آئی نے کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں شکست تسلیم کرلی، وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ہمارے بہت سے کارکنان پارٹی قیادت سے ناراض تھے اس لئے ہم ہار گئے۔
صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کے پی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات میں شکست ہوئی ہے، اپوزیشن کہہ رہ تھی کہ دھاندلی کررہے ہیں اگر دھاندلی کرتے تو کیا ایسا ہوتا، حکومت ہماری ہے اور ہم نے دھاندلی نہیں کی کم از کم اس بات کو تو سراہا جائے۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے ہم ہارے ہیں ، امید ہے تین ماہ میں مہنگائی کم ہو جائے گی، ہار جیت ہوتی رہتی ہے ہمیں سب سے زیادہ مشکلات مہنگائی کی وجہ سے رہیں
خیبر پختونخوا حکمران جماعت نے بلدیاتی انتخابات میں شکست تسلیم کرلی @kamrankbangash @PTIofficial شوکت یوسفزئی کہتے ہیں ادراک ہے کہ مہنگائی شکست کی وجہ بنی pic.twitter.com/ywkmRqzdRo
— Fatima nazish (@Fatimanazish1) December 20, 2021
دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے خیبرپختون خوا کے بلدیاتی انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا ہے کہ الیکشن میں پی ٹی آئی کا مقابلہ پی ٹی آئی سے تھا، ہمارے بہت سے کارکنان پارٹی قیادت سے ناراض تھے اس لئے ہم ہار گئے۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان سینیٹ کی جنرل نشست پرضمنی انتخاب میں ووٹ پول کرنے کے لیے کے پی اسمبلی پہنچ گئے۔ اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات میں کیوں ہار رہی ہے؟۔وزیر اعلی نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہار جیت سسٹم کا حصہ ہے۔