وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے پہلی بار حکومت نے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرائے اور مضبوط مقامی حکومت کا وعدہ صرف عمران خان نے پورا کیا۔
فواد چوہدری نے سوشل میڈیا کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے انتخابات دو حوالوں سے اہم ہیں، پہلی بار حکومت نے شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرائے اور مضبوط مقامی حکومت کا وعدہ صرف عمران خان نے پورا کیا۔
صرف عمران خان وہ لیڈر ہیں جو اپنے سیاسی مفادات کو پس پشت ڈال کر ملک اور لوگوں کیلئے سوچتے ہیں ورنہ کتنا آسان ہے وزیراعلیٰ کی صورت میں ایک ڈکٹیٹر رکھو اور کام چلاؤ جو PPPاور نون کی روائیت ہے سندہ کےلوگ آج بھی اس روئیے کا شکار ہیں،اب پنجاب میں بھی بااختیار نظام قائم ہونےجا رہا ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 20, 2021
ان کا کہنا تھا کہ دوسرا براہ راست تحصیل سطح پر ووٹ سے منتخب نمائندوں کو اختیارات منتقل ہورہے ہیں، ورنہ کتنا آسان ہے کہ وزیراعلیٰ کی صورت میں ڈکٹیٹر رکھو، کام چلاؤ، جو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور مسلم لیگ نون کی روایت ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ آج بھی اس روئیے کا شکار ہیں، اب پنجاب میں بھی بااختیار نظام قائم ہونے جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزخیبر پختونخوا کی 64 تحصیلوں میں بلدیاتی انتخابات ہوئے۔ انتخابات کے پہلے مرحلے میں اب تک جے یو آئی ایف 64 میں سے 19 تحصیلوں میں برتری حاصل کر کے سب سے آگے ہے جبکہ تحریک انصاف 15 تحصیلوں میں آگے ہے۔