وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں 30 وزرائے خارجہ کا پاکستان آنا بڑی کامیابی ہے، اللہ نے پاکستان کو عزت اور کامیابی عطا فرمائی۔
او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس سے متعلق بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو عزت اور کامیابی عطا فرمائی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سرخرو کیا، 20 وزرائے خارجہ اور 10 نائب وزرائے خارجہ کی اجلاس میں شرکت پاکستان کے لیے بڑی کامیابی ہے، 437 وفود پاکستان میں منعقدہ اس تاریخی اجلاس میں شریک ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے لیے ٹرسٹ فنڈ کے قیام میں کامیاب ہوگئے ہیں، افغانستان کے بینکنگ سسٹم کی بحالی سے متعلق قرارداد لائے، یہ بہت بڑی پیش رفت ہے، پاکستان اور سعودی عرب نے مل کر کردار ادا کیا ہے۔
دوسری جانب او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ کا کہنا ہے کہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکر گزار ہوں۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ اسلام آباد ایئرپورٹ سے روانہ ہوگئے، ان کے ہمراہ انڈونیشیا، اردن، کرغستان ، قازقستان، بنگلہ دیش، سیرالیون کے وفود بھی روانہ ہوئے، وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب اور وزیرمملکت علی محمد خان نے مہمانوں کو الوداع کیا۔