تین سال سے سیاسی بیروزگار مولانا فضل الرحمان کی ایزی لوڈ کی دکان بند ہو چکی ہے، فرخ حبیب

20  دسمبر‬‮  2021

وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو یہ مسئلہ ہے کہ ان کی ایزی لوڈ کی دکان بند ہو چکی ہے، فضل الرحمان کا پاکستانی پارلیمانی سیاست میں کوئی کردار نہیں، فضل الرحمان، ن لیگ اور پیپلز پارٹی صرف کرپشن بڑھا سکتی ہیں، ملک چلانا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی): آج جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی کوئٹہ میں کی گئی نیوز کانفرنس پر ردعمل میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان 3 سال سے سیاسی بے روزگار ہیں، اپنے روزگار کے لئے جمہوری حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں- انہوں نے کہا کہ جس کا اپنا دامن اور ماضی داغ دار ہو وہ صادق و امین قرار پانے والے وزیراعظم عمران خان کے خلاف کس منہ سے بات کرسکتا ہے، دنیا بھر میں ریکارڈ مہنگائی ہوئی ہے بعض شر پسند عناصر پاکستان کی مہنگائی کی آڑ میں اپنی سیاسی دکان چمکارہے ہیں۔

فرخ حبیب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ماضی کے قرضوں کی اقساط اور قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لئے مجبور ہوکر قرض لئے، مولانا فضل الرحمن اگر انتخابات جیت جائیں تو صاف شفاف اور اگر ہار جائیں تو دھاندلی، انہیں  تو صاف شفاف انتخابات کرانے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اس دھاندلی زدہ نظام کو ختم کرنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان سیاست میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب اگر آپ دھاندلی سے چھٹکارہ چاہتے ہیں تو ای وی ایم کی جانب آئیں۔

یاد رہے کہ آج مولانا فضل الرحمان کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے ثابت کر دیا کہ 2018ء کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی، جے یو آئی پہلے بھی خیبر پختونخوا کی سب سے بڑی جماعت تھی، اب بھی سب سے بڑی جماعت ہے، پاکستان عمران خان سے بہتر چلانا جانتے ہیں، ہمیں نظام چلانا آتا ہے اور پاکستان کو بہتر طریقے سے چلائیں گے۔

2023ء میں ڈبل ووٹ لیں گے، فرخ

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو 2018ء کے الیکشن میں ریکارڈ ووٹ ملے، 2023ء کے الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر اس سے ڈبل ووٹ لیں گے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ جو ہر حکومت میں اقتدار کے مزے لیتے رہے ، آر یا پار والے بری طرح خوار ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے نام پر ذاتی مفادات کے تحفظ کے لئے انتشار پھیلانے والے پہلے بھی ناکام ہوئے آئندہ بھی ناکام ہوں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ عوام میں آپ کی پذیرائی صفر ہو چکی ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ مارچ کی دھمکی دینے والے پہلے یہ بتائیں کہ استعفے کہاں ہیں؟ یہ کھوکھلا مارچ ہے، جس میں عوام کی کوئی نمائندگی نہیں ہو گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved