وزیراعظم نے پنڈورا پیپرز کی تحقیقات کیلئےاعلیٰ سطحی سیل تشکیل دے دیا

4  اکتوبر‬‮  2021

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنڈورا لیکس کی تحقیقات کیلئے  وزیر اعظم پاکستان نے پرائم منسٹر انسپکشن کمیشن کے تحت ایک اعلیٰ سطح کا سیل قائم کیا ہے جو پینڈورا لیکس میں شامل تمام افراد سے جواب طلبی کرے گا اور حقائق قوم کے سامنے رکھیں جائیں گے۔

کل بروز اتوار پنڈورا پیپرز میں پاکستان کے 700 افراد کے نام سامنے آئے تھے جنہوں نے آف شور کمپنیز بنا کے اپنی دولت کو خفیہ رکھا ہوا ہے، ان شخصیات میں وفاقی وزراء، سیاست دانوں اور کاروباری شخصیات سمیت دیگر اہم شخصیات کے نام سامنے آئے تھے۔ وزیراعظم نے پنڈورا پیپرز کی تفصیلات منظر عام پر آنے کے بعد پارٹی ترجمانوں کا اجلاس طلب کیا جس میں آج آف شور کمپنیز کے مالکان کے خلاف تحقیقات کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد ایف بی آر، ایف آئی اے اور نیب کے نمائندوں پر مشتمل 3 رکنی تحقیقاتی سیل کے قیام کی منظوری دی گئی جس کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے۔

یاد رہے کہ پنڈورا پیپرز کی ابتدائی رپورٹس آنے کے بعد ہی وزیراعظم نے آف شور کمپنیز کے مالکان کے خلاف تحقیقات کا اعلان کیا تھا  اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا اعلان بھی کیا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved