عرب فوجی اتحاد نے یمن کے شہر صنعا میں بڑی فضائی کاروائیاں کرتے ہوئے حوثی باغیوں کے ڈرون طیاروں اور بھاری اسلحے کے گودام کو تباہ کر دیا ہے۔
عرب فوجی اتحاد کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صنعاء میں حوثیوں کے زیرانتظام ڈرون طیاروں کی سرگرمیوں کے ٹھکانوں اور ہتھیاروں کے گوداموں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات جاری کرتے ہوئے ترجمان عرب اتحاد کا کہنا تھا کہ بنی حارث کے ضلع میں ڈرون طیاروں کے ٹھکانوں کے علاوہ راکٹ، میزائل سمیت بھاری اسلحے کے ڈپوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔مزید بتایا گیا کہ کہ جازان میں شاہ عبداللہ ہوائی اڈے پر شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے ڈرون طیارے کو تباہ کر دیا گیا ہے، جسے صنعاء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے بھیجا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے عرب فوجی اتحاد کی جانب سے مارب اور الجوف میں مختلف کاروائیوں کے دوران 500 سے زائد حوثی باغیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔