صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پرامن افغانستان نہ صرف افغانستان بلکہ اس کے ہمسایہ ممالک کے لیے بھی معاشی خوشحالی لانے میں مدد دے گا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بڑا کردار ادا کر رہی ہے اور حکومت کی جانب سےان کی سہولت اور معاونت کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں، نئے ضم شدہ اضلاع (سابق فاٹا) میں مختلف شعبوں میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور ان منصوبوں سے علاقے کے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا۔
صدر مملکت کا گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ پرامن افغانستان نہ صرف افغانستان بلکہ اس کے ہمسایہ ممالک کے لیے بھی معاشی خوشحالی لانے میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے سرحدی اضلاع باالخصوص خیبر افغانستان کے ساتھ تجارت اور تجارتی مواقع سے بہت زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات
کاروباری برادری ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے، صدر مملکت
کاروباری برادری کی سہولت اور مدد کیلئے سنجیدہ کاوشیں کی جارہی ہیں، صدر مملکت pic.twitter.com/38Dcxoep22
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) December 21, 2021
انہوں نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 17ویں غیر معمولی اجلاس کے انعقاد کے لیے حکومت کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اس سے افغانستان میں انسانی امداد کے لئے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کےوفد کی قیادت کے سی سی آئی کے صدر سید حسن علی شاہ کررہے تھے۔ ملاقات میں وفد نے صدر مملکت کو افغانستان کے ساتھ تجارت کے حوالے سے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے وبائی امراض کے دوران تاجر برادری کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔