اسلام آباد، تہران، استنبول مال بردار ٹرین کا آغاز پاکستان کے خطے میں روابط بڑھانے کی سوچ کا مظہر ہے، وزیر خارجہ

21  دسمبر‬‮  2021

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ  اسلام آباد، تہران، استنبول (آئی ٹی آئی) مال بردار ٹرین منصوبہ ہماری خطے میں روابط بڑھانے کی سوچ کا مظہر ہے،منصوبہ خطے کے لیے معاشی طور پر گیم چینجر ثابت ہو گا۔

اسلام آباد – (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بطور مہمان خصوصی  تہران، استنبول (آئی ٹی آئی) مال بردار ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا یہ حقیقت میں تین برادر ممالک پاکستان، ایران اور ترکی کے لیے ایک تاریخی اور اہم موقع ہے۔انہوں  نے  آئی ٹی آ ئی  اقدام کو سراہتے ہوئے، وزیر ریلوے اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ ریل لنک کے ذریعے اپنے علاقوں کو دوبارہ جوڑنے کا مقصد بالآخر پورا ہو رہا ہے۔ آج ہماری اجتماعی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہو رہی ہیں کیونکہ ہم ریل رابطے کے ذریعے اپنی تجارت کو آگے بڑھانے کے نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئی ٹی آئی مال بردار ٹرین منصوبہ، ہماری خطے میں روابط بڑھانے کی سوچ کا مظہر ہے۔ معاشی تحفظ کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پاکستان نے اپنی توجہ جغرافیائی معیشت پر مرکوز کی ہوئی ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے علاقائی روابط کا فروغ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آئی ٹی آئی کارگو ٹرین پاکستان، ایران اور ترکی کو جوڑتی ہے اور یہ نہ صرف پاکستان سے ترکی تک کارگو کی ضرورت کو پورا کرتی ہے بلکہ یہ یورپ سے پاکستان، چین اور جنوبی ایشیا کے لیے ٹرانزٹ بھی فراہم کر سکتی ہے۔اسی طرح ہمارے خطے سے سامان وسطی ایشیا، یورپ اور اس سے آگے بھیجا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ طویل مدتی اور پائیدار ترقی کے لیے تجارتی اور اقتصادی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ہمیں اپنے علاقائی تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اگر اس منصوبے سے پوری طرح استفادہ کیا گیا تو یہ منصوبہ ہمارے خطے کے لیے معاشی طور پر گیم چینجر ثابت ہو گا۔ہم آئی ٹی آئی مال بردار ٹرین کے ساتھ ساتھ، مسافر ٹرین سروس کے اجراء کے بھی متمنی ہیں تاکہ ہمارے تینوں ممالک کے درمیان عوامی روابط بڑھ سکیں اور لوگوں اور ثقافتوں کو قریب لانے کے مواقع میسر آ سکیں ۔انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر پاکستان، ایران اور ترکی کی ریلوے ٹیموں اور ای سی او سیکرٹریٹ کی گراں قدر کوششوں اور تعاون کو سراہتا ہوں۔وزیر ریلوے اعظم خان سواتی اور مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے بھی اسلام آباد، تہران، استنبول مال بردار ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved