وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ بلدیاتی الیکشن ماڈرن اورجدید بلدیاتی نظام کا آغاز ہیں ۔
وزیراعظم کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق شورشرابے میں لوگوں کو اس بات کا احساس نہیں ہورہا کہ یہ الیکشن ماڈرن اورجدید بلدیاتی نظام کا آغاز ہیں جیسا کہ دنیا کی کامیاب جمہوریتوں میں موجود ہے۔
Amidst the noise over KP LG elec, no one realises these elections are start of modern, devolved LG system as exists in successful democracies. Directly elected Tehsil nazims will improve governance & create future ldrs. Ist time in our 74-yr history we have an empowered LG system
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 22, 2021
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ براہ راست منتخب تحصیل ناظم گورننس کو بہترکریں گے اورمستقبل کے لیڈرز تخلیق کریں گے۔74 سال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہمیں بااختیار بلدیاتی نظام ملا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی الیکشن میں غلط امیدواروں کا چناؤ، سب سے بڑی غلطی تھی۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا تھاکہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں غلطیاں کیں اور اس کی قیمت ادا کی، جس کی بڑی وجہ امیدواروں کا غلط انتخاب تھا۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ خیبر پختون خوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے اورپاکستان بھرمیں بلدیاتی انتخابات کے لئے انتخابی حکمت عملی کومیں خود دیکھوں گا۔ انشا اللہ پی ٹی آئی مضبوط ہوکرآئے گی۔