مسلم لیگ ن کے 3 ارکان اسمبلی کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات

22  دسمبر‬‮  2021

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں تمام فیصلے مشاورت سے کئے جاتے ہیں، ون مین شو پر یقین نہیں رکھتا ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں میاں جلیل احمد شرقپوری،محمد غیاث الدین اور چوہدری اشرف علی انصاری شامل تھے۔

ملاقات میں حلقوں کے مسائل، فلاح عامہ کے منصوبوں اور ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ارکان پنجاب اسمبلی نے عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اس موقع پر ارکان پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ آپ خلوص نیت سے پنجاب کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں، آپ نے سیاست میں شائستگی، رواداری اور شفافیت کے کلچرکو فروغ دیا ہے، آپ منتخب نمائندو ں کو عزت دیتے ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر تے ہیں، آپ نے پنجاب میں حقیقی معنوں میں وہ کام کئے جو ماضی میں کوئی نہ کر سکا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ارکان پنجاب اسمبلی میرے ساتھی ہیں، سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں، آپ کی عزت میری عزت ہے، منتخب نمائندوں کے احترام پر حرف نہیں آنے دیں گے، تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر کا ایجنڈا ترقی کے سفر کو روکنا ہے، ان کا یہ ایجنڈا پاکستان کے مفادات سے متصادم ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مخالفین کی پرواہ کیے بغیر عوامی خدمت کے مشن کو مزید تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کھوکھلے نعرے نہیں لگائے، ہم صرف عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved