ٹھٹھرتی سردی میں کھیتوں میں پھینکی گئی نومولود بچی کو کتوں نے بچا لیا

22  دسمبر‬‮  2021

ٹھٹھرتی سردی کے عالم میں نومولود بچی کو اس کے والدین کھیتوں میں چھوڑ گئے تھے، لیکن کتیا اور اس کے بچوں نے نومولود کے گرد حصار قائم کر کے اسے سردی سے محفوظ رکھا۔

تفصیلات کے مطابق  یہ دلخراش اور حیرت انگیز واقعہ بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے منگولی ٹاؤن کے علاقے سریستل گاؤں میں پیش آیا، جہاں ایک نومولود اور بے لباس بچی کو اس کے والدین سخت سردی کے عالم میں رہائشی علاقوں سے دور کھیتوں میں چھوڑ آئے، جہاں اسے ایک کتیا نے دیکھا، پھر یوں ہوا کہ ساری رات کتیا اور اس کے بچے نومولود کے نہ صرف پاس بیٹھے رہے بلکہ جتنا ممکن ہو سکا اسے سردی سے بھی محفوظ رکھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقامی افراد کا کہنا ہے کہ وہ صبح 11 بجے کے قریب جب کھیتوں میں کام کیلئے آئے تو انہوں نے بچی کے رونے کی آواز سنی، ان کا کہنا تھا کہ ہم آواز کا تعاقب کرتے ہوئے جب بچی کے پاس پہنچے تو ہم یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئے، کہ کتیا اور اس کے بچوں نے نومولود بچی کو اپنے حصار میں لیا ہوا ہے۔

مقامی افراد کا کہنا تھا کہ ہم نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا، جنہوں نے بچی کو تحویل میں لے کر اس کا طبی معائنہ کرایا۔ طبی معائنہ کرنے والےڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ منگولی ٹاؤن میں کم ترین درجہ حرارت ہونے کے باعث بچی کا زندہ رہنا محال تھا، لیکن یہ واضح ہے کہ کتیا اور اس کے بچوں نے نہ صرف اس کا پہرہ دیا بلکہ اسے حد درجہ گرم بھی رکھا، جس کے باعث بچی جاں بحق نہیں ہوئی، اور حیرت انگیز طور پر بچی کے جسم پر خراش کا ایک بھی نشان نہیں ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ یہ کام کسی نے اپنا گناہ چھپانے کیلئے کیا ہے یا بچی کو بوجھ سمجھ کر باہر پھینکا گیا ہے، لیکن دونوں صورتوں میں اس کے والدین کو قانونی گرفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved