ہیلی کاپٹر تباہ ہو کر سمندر میں گرنے کے بعد 12 گھنٹے مسلسل تیر کر جان بچانے والے حکومتی وزیر سے ملیں

22  دسمبر‬‮  2021

وزیر برائے امور پولیس نے ہیلی کاپٹر تباہ ہونے سے قبل خود کو ایجیکٹ کیا اور 12 گھنٹے مسلسل تیراکی کے بعد ساحل پر زندہ پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق مڈغاسکر کے وزیر برائے امور پولیس سرجی گیلے تین پولیس افسران کے ہمراہ سمندر میں تباہ ہونے والے بحری جہاز کے معائنے کیلئے جا رہے تھے کہ رستے میں ان کا ہیلی کاپٹر تباہ ہو گیا۔  پورٹ اتھارٹی کے سربراہ نے بتایا ہے کہ بظاہر سرجی گیلے نے ہیلی کاپٹر مکمل کریش ہونے سے قبل خود کو ایجیکٹ کر لیا اور سمندر میں تیرتے ہوئے ساحل تک پہنچے۔

مڈغاسکر پولیس سربراہ کا کہنا ہے کہ سرجی  گیلے نے ہیلی کاپٹر کی ایک سیٹ کو پانی کی سطح پر زیادہ دیر تک تیرنے کیلئے بطور سہارا استعمال کیا، جس میں وہ کامیاب رہے۔ مڈغاسکر پولیس نے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار ایک اور پولیس افسر بھی کسی دوسرے رستے سے تیر کر ساحل پر پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، جبکہ 2 لاپتہ پولیس افسران کی تلاش ابھی جاری ہے، فوری طور پر ابھی ہیلی کاپٹر تباہ ہونے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر وزیر اور پولیس افسران  کو اس سمندری جہاز کے معائنے کیلئے لیکر جا رہا تھا، جو ہیلی کاپٹر حادثے سے ایک روز قبل سمندر میں تباہ ہو گیا تھا۔ امدادی کارکنان نے اس متاثرہ بحری  جہاز سے 41 لاشیں بر آمد کر لی ہیں، جبکہ  اس جہاز میں 130 افراد سوار تھے،  جن میں سے 45 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved