عرب فوجی اتحاد نے یمن کے مختلف علاقوں میں کی گئی کاروائیوں کے دوران 280 حوثی باغیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان عرب اتحاد کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کی حامی افواج نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے مارب اور الجوف میں حوثی باغیوں اور ان کے ٹھکانوں پر 37 حملے کئے، جن میں 280 سے زائد حوثی باغی ہلاک، 25 فوجی گاڑیاں تباہ کرنے کے ساتھ حوثی باغیوں کا فضائی دفاعی نظام تباہ کر دیا گیا ہے۔
عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ 37 میں سے 33 حملے مارب اور الجوف میں کئے گئے جبکہ 4 حملے مغربی ساحل پر موجود حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر کئے گئے، جس میں ان کی 3 گاڑیاں اور اسلحے کے گودام کو تباہ کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے عرب فوجی اتحاد کی جانب سے 400 سے زائد حوثی باغیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا جا چکا ہے۔