وزیراعظم کا کہنا ہےکہ پاکستان آئی ٹی انقلاب کے لیے آئیڈیل ملک ہے،وزیراعظم نے لاہور میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون، ٹیکنا پولس کاافتتا ح کردیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کاکہنا تھا کہ ہم آئی ٹی میں تیزی سے آگے بڑھ سکتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک آئیڈیل قوم ہے، یہاں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے لیکن بدقسمتی سے ہم پیچھے رہ گئے ہیں، ہمارے ہمسائے ملک بھارت نے ہم سے پہلے آئی ٹی میں ترقی کی۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا مسئلہ روزگار اور ایکسپورٹس کا ہے، ہم نے ملک میں ایکسپورٹس پر کبھی زور نہیں دیا، ہمیں 20 بار آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے ، ملک کی ایکسپورٹ بڑھنے سے خوشحالی آتی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت میں آئی ٹی ایکسپورٹ کو فروغ حاصل ہے، ہم تھوڑا سا معاشی طور پر سنبھل جاتے ہیں لیکن پھر ڈالر اوپر چلا جاتا ہے۔ ڈالر اوپر جائے تو قرض بڑھ جاتا ہے اور حکومت کوادائیگی کرنی ہوتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ آج مہنگائی سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے، باہر سے چیزیں امپورٹ کرتے ہیں تو مہنگائی ہوتی ہے، ڈالرز کی کمی کے باعث آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے ، ڈالر اوپر جائےتو قرض بڑھتا ہے،حکومت کوادائیگی کرنی ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ اوورسیز پاکستانی ہیں، چاہتے ہیں اوورسیزپاکستانیو ں کےلیےکاروبارمیں آسانی ہو، لیکن ہم نے ابھی تک کوئی ایسا میکانزم نہیں بنایا کہ کوئی یہاں آکر کام کرے، عمران خان نے کہا کہ چین آج دنیا میں پیداواری سطح پر بڑا ملک ہے۔ ہمیں کاروباری افراد کے لیے آسانیاں پیدا کرنی ہوں گی جبکہ بیرون ممالک بڑے پاکستانی سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کار ی کے خواہش مند ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم نے اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں بھی ٹیکنالوجی زون کا آغاز کیا ہے تاکہ دنیا کے ساتھ پاکستان کو ترقی دیں اور نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کر سکیں۔