وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے عدالت جانا ہوتا ہے تو وہیل چیئر منگوا لیتے ہیں، جب ضمانت ملتی ہے، سانس لیتے ہیں تو قد سے زیادہ بڑی بھڑکیں مارنے لگتے ہیں۔
فواد چوہدری نے زرداری کے بیان پر ا ردّ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ بونوں کے ساتھ ہے، سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی بنائے گی، اسلام آباد آنے کی بات کرتے ہیں یہ لاڑکانہ نواب شاہ جانے کے بھی نہیں۔انہوں نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی کے پاس پنجاب میں امیدوار نہیں ہیں، جبکہ مریم نواز کے پی میں اپنی شکست کا جشن منا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی سیاست ٹی وی کے سہارے چل رہی ہے، گراؤنڈ پر نہیں، ان کی ٹی وی کوریج بند کردیں تو یہ ختم ہوجائیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پانچ سالوں میں 55 ارب ڈالر قرض واپس کرنے جارہے ہیں، ان لوگوں نے تو قرض لے کر ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا مریم نواز پختونخوا میں اپنی شکست کا جشن منا رہی ہیں، کے پی سے مسلم لیگ ن فارغ ہو گئی ہے، کسی نے انہیں ووٹ نہیں ڈالا۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ چھوٹے چھوٹے سیاسی بونوں سے ہے، یہ پراپیگنڈہ کریں گے کہ مہنگائی ہو گئی، لٹ گئے مر گئے لیکن ان کے پاس عمران خان کے قد کا آدمی نہیں ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف باقی زندگی پارک لین میں اور زرداری دبئی میں گزاریں گے، اوورسیز پاکستانی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، اگلی حکومت بھی ان شاءاللہ پی ٹی آئی ہی بنائے گی۔
معاون خصوصی شہبازگل کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے ضمانت ملتے ہی بڑی بڑی بڑھکیں ماری ہیں، عوام نے دیکھ لیا آپ نے سندھی عوام سے لقمہ اور کپڑا کیسے چھینا، ایک بچے کو پہلے سندھ سے لانچ کرنے کی کوشش کی گئی، سیاست میں آنے کیلئے شخصیت نہیں دماغ بھی چاہیے، ان لوگوں کی سیاست میں کیا کنٹری بیوشن ہے۔