وزیراعظم عمران خان نے صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو کام کی رفتار بہتر اور تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
لاہور –(اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جمعرات کو ایوان وزیر اعلیٰ میں ملاقات کی اور وزیراعظم کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب میں کھاد کی کسانوں کو بلا تعطل فراہمی کیلئے کئے گئے انتظامی اقدامات سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں، وزیر اعظم نے صوبائی انتظامیہ کو منصو بوں کے اثرات عوام تک باہم پہنچانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ صوبہ میں جاری ترقیاتی منصوبے وقت پر مکمل ہونے چاہیں اور عوام کو ہر قسم کی ریلیف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ،وزیر اعظم نے حکومت کے فلاحی منصوبوں کے اثرات کو عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ۔
اس موقع پر چیف سیکر ٹری پنجاب کامران علی افضل، آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری عامر جان بھی موجود تھے۔