پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرریاں اور تبادلے، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کون ہیں؟؟

6  اکتوبر‬‮  2021

پاک فوج میں معمول کے مطابق اعلیٰ سطح کے تقرر اور تبادلے کر دئیے گئے ہیں۔نئی تقرریوں کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم  کوڈی جی آئی ایس آئی، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور، لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کور کمانڈر کراچی، لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی،  میجرجنرل عاصم ملک کی لیفٹیننٹ جنرل کےعہدے پر ترقی ہوئی ہے جس کے بعد انہیں پاک فوج کے ایڈجوٹنٹ جنرل تعینات کر دیا گیا ہے۔

لیکن سب سے بڑی تعیناتی ڈی جی آئی ایس آئی کی ہے جو کہ تقرری سے پہلے ہی عالمی میڈیا بالخصوص بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔

نئے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم احمد انجم کون ہیں؟؟

نئے تعینات ہونے والے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کاتعلق  پوٹھوہار ریجن سے ہے،ان کا آبائی علاقہ موہرا شیخاں کونٹریالہ، گوجر خان، ضلع راولپنڈی ہے۔ عالمی سطح کے عسکری کورسز میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کودہشت گردی کے خلاف ملک کےمختلف علاقوں میں آپریشنز کا  بھی وسیع تجربہ حاصل ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کا تعلق پنجاب رجمنٹ اور 78 ویں پی ایم اے لانگ کورس سے ہے، کور کمانڈر کراچی بھی رہے،   کمانڈنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے طور بھی خدمات سرانجام دیں۔ 2017ء میں انہیں آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان تعینات کیا گیا، اس کے علاوہ انہوں نے جنوبی وزیرستان ایجنسی میں انفنٹری بریگیڈ ، کرم اور ہنگو میں انفنٹری بریگیڈ کو بھی کمانڈ کیا، انہیں پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں بھی کمیشن دیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم نے کمبائنڈ آرمز سینٹر یوکے، اسٹاف کالج کوئٹہ ، این ڈی یو اسلام آباد، اے پی سی ایس ایس یو ایس اے اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز یوکے سے تعلیم حاصل کی، اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز سے تعلیم حاصل کر چکے ہیں، جنرل پرویز مشرف اور جنرل راحیل شریف بھی اسی کالج کے فارغ التحصیل تھے۔

 انہیں روایتی اور ذیلی روایتی خطرے کے ماحول میں کمان کے تجربے کے ساتھ پاکستان کی مغربی سرحد، ایل او سی پر کمانڈ کے علاوہ بلوچستان میں غیر ملکی خفیہ سرگرم ہاتھوں کو کاؤنٹر کرنے کا  وسیع تجربہ حاصل ہے۔ انہیں بہترین خدمات پر ہلال امتیاز ملٹری سے بھی نوازا گیا۔

نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کیسے ہوئی؟؟

پاک فوج میں تقرر اور تبادلوں کے متعلق آج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم عمران خان کی  ایک طویل ملاقات ہوئی، جس میں باہمی مشاورت سے ڈی جی آئی ایس آئی اور دیگر تقرریوں کا فیصلہ کیا گیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved