بلدیاتی الیکشن میں شکست، وزیراعظم نےتحریک انصاف کا تنظیمی ڈھانچہ تحلیل کر دیا

24  دسمبر‬‮  2021

وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے انتخابات پرعدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور پی ٹی آئی کی تمام تنظیمیں تحلیل کردی ہیں۔

وزیراطلاعات فواد چوہدری  نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس  کرتے ہوئے کہا کہ اب  کسی رشتہ دار کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ مقامی قیادت نہیں کرے گی، وفاقی سطح پر فیصلے ہوں گے، پارٹی کا نیا انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ کسی کو لیڈر مانا جاتا ہے تو وہ عمران خان ہیں، تحریک انصاف کے سوا کوئی ایسی پارٹی نہیں جو اتنی بڑی تعداد میں ٹکٹ جاری کرے، تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، تحریک انصاف نیچے جاتی ہے تو پاکستان کی سیاست نیچے جائے گی۔

فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ کے پی میں پارٹی پرفارمنس پر وزیراعظم نےعدم اطمینان کا اظہار کیا تھا، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کےپی اور پرویزخٹک ودیگر سے بات چیت کی، مختلف جگہوں پر میرٹ کے برعکس خاندانوں میں ٹکٹ دیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ اب ٹکٹ دینے سے متعلق خصوصی کمیٹی بنائی جائے گی جس میں تمام قومی قیادت شامل ہوگی، نئی کمیٹی پارٹی آئین، تنظیم کے ڈھانچے کو تشکیل دے گی جس کے بعد نئی تنظیمیں اور نیا اسٹرکچر تشکیل دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی خاندانی سیاست والی جماعت نہیں ہے، عمران خان نے اپوزیشن کو خود پر حاوی ہونے نہیں دیا، ن لیگ کا کلچر پی ٹی آئی میں آگیا تو ہم میں اور ان میں کوئی فرق نہیں رہے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کی ایک نئی 21 رکنی آئینی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، فوادچودھری ، سیف اللہ نیازی، اسدعمر ، عثمان بزدار ، عمران اسماعیل اور علی زیدی شامل ہیں، کمیٹی آئین پر کام کرے گی اور وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی، اس کمیٹی کے ذریعے نئی تنظیم سازی کی جائے گی، جس کے بعد نیا اسٹرکچر تشکیل دیا جائے گا، پنجاب کے مقامی حکومتوں کے انتخابات کی ٹکٹوں کا معاملہ بھی یہی کمیٹی دیکھے گی، جب کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ذمہ داری وزیراعلیٰ کے پی کو دی گئی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved