وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سپریم سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی حکمت عملی طے کر لی گئی، آئندہ انتخابات کے لیے حکمت عملی مرحلہ وار ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کے اجلاس میں عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کی سزا ختم ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں ہورہی ہیں، یہ کیسے ممکن ہے کہ سزا یافتہ شخص کی سزا ختم ہو جائے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے عوام کا پیسہ لوٹا اور باہر منتقل کیا، پانامہ میں نواز شریف کا نام آیا اور عدالت نے نا اہل کیا، نواز شریف آج تک منی ٹریل بھی نہیں دے سکے، تحریک انصاف کا ووٹر اور عوام ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختوانخوا کے معاون خصوصی بیرسٹر سیف نے وزیراعظم کو بریفنگ کے دیتے ہوئے بلدیاتی الیکشن میں ووٹ حاصل کرنے سے متعلق اعدادوشمار سے بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ویلیج کونسل کے نتائج میں بہتری کی امید ہے۔ تحریک انصاف کے پی کے میں ووٹوں کے تناسب سے مقبول اور بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔