وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ سابق کرپٹ حکمرانوں نے قائد کے پاکستان کو بری طرح نوچا اوراسی وجہ سے پاکستان اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون سے قائد اعظمؒ کے ویژن کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو فلاحی ریاست بنائیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ قائداعظمؒ جیسے مدبر صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں، قائداعظم محمد علی جناحؒ نے مسلمانان برصغیر کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلائی۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانوں کے لئے آزاد وطن کاخواب حقیقت میں بدلا۔عثمان بزدار نے کہا کہ قائداعظمؒ نے اتحاد، تنظیم اور ایمان کے اصولوں کو اپنانے کی تلقین کی جبکہ تحمل،برداشت اوررواداری پر مبنی فلاحی معاشرے کا قیام بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کا خواب تھا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کے حکمرانوں نے قائداعظمؒ کے اصولوں سے روگردانی کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب @UsmanAKBuzdar کا بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم ولادت پر پیغام:
آج کے دن ہمیں قائد اعظمؒ کے فرمودات کے مطابق پاکستان کو عظیم سے عظیم تر ملک بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔#QuideAzam #JinnahWasRight pic.twitter.com/K1dGm16li6— CM Punjab (Updates) (@CMPunjabPK) December 25, 2021
عثمان بزدار نے کہا کہ سابق کرپٹ حکمرانوں نے قائدؒ کے پاکستان کو بری طرح نوچا اوراسی وجہ سے پاکستان اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قائداعظمؒ کی تعلیمات اورافکار پر عمل کر کے ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بناسکتے ہیں۔قائداعظمؒ کی تعلیمات اورافکار پر عمل کر کے ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظمؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ سیاسی اور ذاتی مفادات کو پس پشت رکھ کر بحیثیت قوم اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کی مثالی فضا پیدا کی جائے۔