طالبان حکومت نے مختصر سفر کے علاوہ افغان خواتین کے مرد رشتے دار کے بغیر سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔
امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی وزارت کے ترجمان صادق عاکف نے کہا ہے کہ 72 کلو میٹر سے زائد فاصلے کا سفر کرنے والی خواتین کے ساتھ ان کا کوئی مرد رشتے دار ہونا ضروری ہے، ورنہ ٹرانسپورٹر انہیں گاڑی میں بیٹھنے کی پیشکش نہیں کر سکتے، علاوہ ازیں وزارت کا ٹرانسپورٹر کمپنیوں کو جاری ہدایت نامے میں کہنا ہے کہ وہ صرف باحجاب خواتین کو سواری کی پیشکش کریں۔
عاکف مہاجر کا کہنا تھا کہ ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر کرنے کی خواہشمند خواتین کا باحجاب ہونا بھی لازمی ہے، اور ٹرانسپورٹرز حضرات کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ دوران سفر گاڑیوں میں موسیقی لگانا بند کر دیں۔
یاد رہے کہ طالبان نے ٹی وی ڈراموں میں خواتین کے کام پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے، جبکہ میڈیا چینلز میں کام کرنے والی خواتین کو بھی مکمل حجاب کا پابند بنایا گیا ہے۔