سپریم کورٹ نے کراچی میں عسکری پارک کو فوج سے واپس لے کر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی تحویل میں دینے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں عسکری پارک سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کیلئےایڈمنسٹریٹر کراچی اور کور فائیو کےوکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے عسکری پارک سے متعلق ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سے استفسار کیا کہ جی ایڈمنسٹریٹر صاحب بتائیں، اس پر ایڈمنسٹریٹر نے بتایا کہ رپورٹ فائل کردی گئی ہے، 2005 میں ایگریمنٹ ہوا تھا،وکیل دفاع نے عدالت میں کہاکہ یہ 99 سال کا ایگریمنٹ ہوا تھا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پارک آپ کو اس لئے دیا تھا کوئی اور قبضہ نہ کرلے، پاکستان کی حفاظت کا کہا تھا، جسٹس قاضی امین نے کہا کہ ملک کیلئے آپ لوگ جانیں بھی دے رہے ہیں ہم قدر کرتے ہیں۔
پاک فوج کی فائیو کور کے وکیل نے پیش ہوکر بتایا کہ 2001 میں پرویز مشرف دور میں سبزی منڈی کو منتقل کیا گیا، تو پارک بحال کرنے کی استدعا کی گئی۔جسٹس قاضی محمد امین احمد نے وکیل سے کہا کہ آپ کو تو پورے پاکستان کی حفاظت کا کہا گیا ہے، آپ وہ کام کریں جو آئینی ہے، آپ کے ایم سی کو زمین واپس کریں۔.چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ وہاں آپ نے 88 دکانیں بنالیں، شادی ہالز چل رہے ہیں، اگر آپ سے حساب مانگ لیں تو پھر کیا کریں گے
بعد ازاں سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی پارک کا انتظام سنبھالیں اور پارک عوام کیلئے استعمال کیا جائے، عوام سے اس سے متعلق کوئی چارجز وصول نہ کئے جائیں،پارک کی زمین پر شادی ہال کی عمارت بھی کے ایم سی ختم کرائے، پارک کی زمین پر بنائی گئی دکانیں بھی ختم کی جائیں۔چیف جسٹس نے کہاکہ دو ہفتوں میں عسکری پارک کے ایم سی کے حوالے کیا جائے، جھولے وغیرہ کے ایم سی اپنے لگائے، ان کے واپس کردیں۔