غلط خبروں کے پھیلاؤ کے سدباب کیلئے پاکستان کی قرارداد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے متفقہ طور پر منظور کر لی

27  دسمبر‬‮  2021

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے جنرل اسمبلی کی طرف سے قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منظور کردہ قرارداد ہماری ٹیم کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔

اقوام متحدہ – (اے پی پی): اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کی جانب سے پیش کردہ ایک قرارداد کی متفقہ طورمنظوری دی ہے جس میں انسانی حقوق کو پامال کرنے والی ہر قسم کی ڈس انفارمیشن کےانسداد کے لیے اجتماعی ردعمل کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قرارداد کا عنوان انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کے فروغ اور تحفظ کے لیے غلط معلومات کاانسداد ہے، جس کی تجویز 193 رکنی جنرل اسمبلی کی سماجی، انسانی اور ثقافتی مسائل سے متعلق تیسری کمیٹی نے دی تھی ۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر  اکرم نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہوگی کہ قرارداد پر مکمل طور عمل درآمد کرایا جائے، اور دیگر رکن ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے تعاون سے عالمی سطح پر ڈس انفارمیشن وائرس کا خاتمہ کیا جائے، قرار داد (جو کثیر تعداد میں ممالک کے تعاون سے دنیا بھر میں غلط معلومات کے بے دریغ پھیلاؤ کے پس منظر میں پیش کی گئی) تمام رکن ممالک کے ساتھ وسیع مشاورت کا نتیجہ ہے کیونکہ ڈس انفارمیشن سے سماجی انتشار میں اضافہ، قوم پرستی کے رحجان، وبا کے دوران غلط اطلاعات، امتیازی رویوں، منافرت انگیز تقاریر، نسل پرستی، تعصب اسلامو فوبیا اور عدم برداشت میں اضافہ ہوا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ تمام ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کا سدباب کریں کیونکہ ممالک اور اقوام کے خلاف ڈس انفارمیشن مہم کے نتیجے میں ان کےدرمیان امن وتعاون کے فروغ کو نقصان پہنچتا ہے۔

غلط معلومات کے انسداد کے لیے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لیے سیکرٹری جنرل کی کوششوں اور عالمی ضابطہ اخلاق کے لئے ان کی اپیل کا خیر مقدم کیا گیا ہے جو پبلک انفارمیشن میں دیانت داری کے فروغ کے لئے ہے۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ آن لائن پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کمپنیوں سمیت کاروباری اداروں کی ذمہ داری ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان کے تجارتی مقاصد انسانی حقوق کو مجروح نہ کریں،اپنے پلیٹ فارمز کو غلط معلومات پھیلانے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے جوامتیازی سلوک، نفرت، دشمنی، تشدد اور پولرائزیشن کا سبب بنتے ہوں ۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved