کرسمس کی تقریب کے دوران ملکہ برطانیہ کے شاہی محل ونڈرسر کیسل میں داخلے کی کوشش کرنے والے مسلح شخص کی شناخت اور دیگر حقائق میں پیشرفت سامنے آئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 25 دسمبر 2021ء کے روز ملکہ برطانیہ کے قتل کی نیت سے شاہی محل میں داخل ہونےوالا شخص بھارتی ہے۔
برطانوی پولیس نے اس حوالے سے ایک ویڈیو کو بھی شامل تفتیش کیا ہے، جس میں نوجوان شخص خود کو سکھ اور بھارتی شہری بتاتے ہوئے کہتا ہے کہ وہ 1919ء میں برطانوی دور حکومت کے دوران بھارت میں سکھوں کے قتل عام کا بدلہ لینا چاہتا ہے۔
مبینہ طور پر جسونت سنگھ چیل نامی ملزم نے شاہی محل کے گراؤنڈ سے حراست میں لئے جانے سے 24 منٹ پہلے یہ ریکارڈ شدہ ویڈیو کرسمس کی صبح 8 بجے اسنیپ چیٹ پر اپ لوڈ کی تھی۔
جسونت سنگھ نے ویڈیو میں آواز کو تبدیل کرنے کیلئے ایک فلٹر کا بھی استعمال کیا، اور اس نے اپنے چہرے کو ڈھانپا ہوا تھا۔
جسونت سنگھ ویڈیو میں کہہ رہا تھا کہ میں شاہی خاندان کی ملکہ کو قتل کرنے کی کوشش کروں گا، یہ ان لوگوں کا بدلہ ہے جو 1919ء کے جلیانوالہ باغ کے قتل عام میں مارے گئے تھے۔ مزید کہا کہ یہ ان لوگوں کا بھی انتقام ہے جو نسل کشی کی وجہ سے مارے گئے یا برطانیہ کے امتیازی سلوک کا شکار ہوئے، میں ایک ہندوستانی سکھ ہوں، میرا نام جسونت سنگھ چیل تھا، میرا نام ڈارتھ جونز ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ پولیس کی جانب سے ابھی ملزم کا نام نہیں بتایا گیا، اور ملزم کی دماغی صحت چیک کرنے کیلئے اسے ذہنی صحت کے مرکز بھیج دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کرسمس کے موقع پر برطانیہ کے شاہی قلعہ ونڈرسر میں ملکہ برطانیہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ دعائیہ تقریب میں شریک تھیں، کہ اس دوران ایک 19 سالہ مسلح نوجوان نے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تھی، جسے گرفتار کر لیا گیا تھا۔