اسلام آباد ہائیکورٹ میں رانا شمیم کے بیان حلفی پر توہین عدالت کیس کی سماعت کے سلسلے میں رانا شمیم عدالت میں پیش ہوئے۔
اس موقع پر صحافی نے رانا شمیم سے سوال کیا کہ کہا جارہا ہےآپ نے میاں نواز شریف کے ساتھ بیٹھ کربیان حلفی بنایا، کیا اس بات میں کوئی صداقت ہے؟ آپ کوئی کمنٹ کریں گے؟
اس پر رانا شمیم نے جواب دیا کہ یہ بات تو آپ انہی سے پوچھیں جو ایسا کہہ رہے ہیں۔
صحافی نے رانا شمیم سے سوال کیا کہ آپ نے اکیلے یہ حلف نامہ دیا تھا؟ اس پر سابق جج نے کہا کہ بالکل، بیان حلفی ریکارڈ کراتے وقت اکیلا تھا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللّٰہ رانا شمیم بیان حلفی کیس کی سماعت کر رہے ہیں، برطانیہ سے منگوایا گیا اصل بیان حلفی آج عدالت میں پڑھے جانے کا امکان ہے، گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل کی عدم موجودگی کے باعث سربمہر لفافہ کھولا نہیں گیا تھا۔