پاکستان سمیت دنیا بھر میں چھپکلیوں کی کتنی اقسام پائی جاتی ہیں، اور یہ کتنی زہریلی ہیں، اس پر حیرت انگیز انکشاف حالیہ سامنے آنے والی رپورٹ میں ہوا ہے۔
رینگنے والے کیڑوں پر تحقیق کے ماہر ڈاکٹر وسیم خان نے نجی ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں اپنی ایک ریسرچ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں چھپکلیوں کی 85 کے قریب اقسام پائی جاتی ہیں، جن میں کوئی قسم بھی زہریلی یا خطرناک نہیں ہے۔ ڈاکٹر وسیم خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پائی جانے والی چھپکلیوں میں سے صرف ایک قسم ایسی ہے جس کے منہ میں سانپ کی طرح پوائزن گلینڈ ہوتا ہے، جسے یہ کسی دوسرے جسم میں منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس چھپکلی کا نام ہیلا مونسٹر ہے، اور یہ صرف وسطی امریکہ میں پائی جاتی ہے۔
ڈاکٹر وسیم خان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات کہ جن میں بتایا جاتا ہے کہ چھپکلی کھانے میں گر گئی اور زہریلا کھانا کھانے سے بندے کی موت واقع ہو گئی، ایسے کیسز میں یہی سامنے آیا ہے کہ مقتول کو زہر دیا گیا ہوتا ہے، جسے چھپانے کیلئے ایسا من گھڑت واقعہ بنایا جاتا ہے۔
ڈاکٹر وسیم کا مزید کہنا تھا کہ چھپکلیاں چونکہ گندگی میں رہتی ہیں، اس لئے ان کی جلد پر بیکٹیریا لگے رہتے ہیں، اگر وہ انسانی معدے میں چلے جائیں تو قے آنا، جی متلانا یا انفیکشن ہو سکتا ہے، زہر پیدا نہیں ہو سکتا۔انہوں نے مزید بتایا کہ خدا نے کوئی بھی چیز بے مقصد نہیں بنائی، چھپکلی کو بنانا، اور اسے گھروں میں چھوڑنے کا مقصد صرف یہی ہے کہ یہ کچن میں مضر صحت اور تعفن پھیلانے والے حشرات کو بھگا دیتی ہے، جو کہ ہمارے لئے بہت فائدے مند ہے۔