وزیراعظم ان ایکشن، ملک میں گیس کی قلت دور کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت

29  دسمبر‬‮  2021

ملک بھر میں گیس کی قلت دور کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان نے گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں کے لائسنزز کے اجراء کا عمل تیز کرنے اور نئے ایل این جی ٹرمینل کی تنصیب سمیت دیگر اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

اسلام آباد – (اے پی پی): آج وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں گیس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، وفاقی وزیربحری امور علی حیدر زیدی، وزیراعظم کے معاون خصوصی محمود مولوی اور متعلقہ افسران کے حکام نے شرکت کی۔

 

اجلاس کو ملک میں گیس کی طلب،ملکی ذخائر سے فراہمی اور ایل این جی کی کمی اور درآمد سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ اجلا س کو بتایا گیا کہ ملک میں گیس کی موجودہ طلب 4700 ایم ایم سی ایف ڈی ہے جو موسم سرما میں بڑھ کر 6000 سے 6500 ایم ایم سی ایف ڈی تک پہنچ جاتی ہے۔ ملک میں پیدا ہونے والی گیس موجودہ سپلائی 3300 ایم ایم سی ایف ڈی ہے جو ہر سال کم ہو رہی ہے، اس وجہ سے گیس کی قلت پوری کرنے کیلئے ایل این جی درآمد کرنا پڑتی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ موجودہ انفراسٹرکچر کے ساتھ سردیوں میں تقریباً 1000 ایم ایم سی ایف ڈی کی کمی پیدا ہوتی ہے جس سے نمٹنے کے لئے مختلف آپشنز اپنائے جا رہے ہیں، مختصر مدت کے لئے گھریلو ٹرمینلز کی موجودہ صلاحیت کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور ورچوئل پائپ لائن لائسنس کے اجراء کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ دو نئے ایل این جی ٹرمینلز کی تنصیب کا کام جاری ہے اور تمام رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ ملک میں گیس کی تلاش کیلئے لائسنسوں کے اجراء کا عمل تیز کیا جائے کیونکہ یہ قدرتی گیس کا سب سے سستا ذریعہ ہے۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کو نئے ایل این جی ٹرمینلز کی تنصیب اور سرمایہ کاروں کی طرف سے ورچوئل پائپ لائن منصوبوں میں رکاوٹیں دور کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ اس سلسلہ میں وزارت بحری امور، وزارت پٹرولیم اور اوگرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ رکھیں اور سرمایہ کاروں سمیت دیگر تمام متعلقہ فریقین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

وزیراعظم نے نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ طے شدہ مقررہ وقت میں مزید تاخیر کئے بغیر اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved