امریکی ریاست کیلیفورنیا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 4 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
چینی خبر رساں ادارے نے امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے حوالے سے بتایا کہ ایک لیئر جیٹ ۔35بزنس جیٹ سان ڈیاگو کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوا ہے،جس میں 4 افراد سوار تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ طیارہ اورنج کاؤنٹی میں سان ڈیاگو کے گلیسپی فیلڈ ہوائی اڈے کی طرف روانہ ہوا تھا، جودوران پرواز حادثے کا شکار ہو کر رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
سان ڈیاگو کاؤنٹی شیرف کے محکمہ فائر فائٹرز کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقام پر کسی بھی زندہ بچ جانے والے کو تلاش نہیں کیا جا سکا، فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ حادثے کی وجہ کی تحقیقات کریں گے۔