وفاقی حکومت ریکوڈک منصوبے کے تمام اخراجات برداشت کرے گی، وزیراعظم

29  دسمبر‬‮  2021

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ریکوڈک منصوبے کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چھوٹے صوبوں کی ترقی ہماری حکومت کا ویژن ہے۔  انہوں نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان حکومت کی جانب سے ریکوڈک منصوبے کا تمام مالیاتی بوجھ اور تعمیر کے اخراجات خود برداشت کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے امید ظاہر کی کہ ریکوڈک منصوبےکے حوالے سے کیا جانے والا فیصلہ بلوچستان کے عوام اور صوبے کی خوش حالی کا باعث بنے گا۔

یاد رہے کہ ریکوڈک کا شمار پاکستان میں سونے اور تانبے کے سب سے بڑے ذخائر میں ہوتا ہے ۔ اس منصوبے کیلئے پہلا معاہدہ 1993ء میں کیا گیا تھا۔ پاکستانی سپریم کورٹ نے چند سال قبل قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پرٹی سی سی یا ٹھیتیان کاپرکمپنی کے ساتھ ہونے والے ریکوڈک معاہدے کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

جس پر کمپنی نے انٹرنیشنل سینٹر فارسیٹلمنٹ آف انوسٹمنٹ ڈسپیوٹس سے رجوع کیا تھا۔  انٹرنیشنل سینٹر فارسیٹلمنٹ آف انوسٹمنٹ  ڈسپیوٹس نے ریکوڈک کا معاہدہ منسوخ کرنے کی پاداش میں پاکستان پر 5 ارب 97 کروڑ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا تھا، جس پر حکومت پاکستان نے کیس میں عائد جرمانے کو روکنے کیلئے امریکی وفاقی عدالت سے رجوع کیا تھا۔ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ریکوڈک میں ساڑھے 6 ارب ڈالر کا ہرجانہ عائد کیا گیا، ان کا کہنا تھا  کہ وزیراعظم نے 2019ء میں ریکوڈک کے معاملے پر مجھے کمیٹی کا سربراہ بنایا، ہم امریکہ اور لندن گئے، قانونی ماہرین سےملے،  ہماری ٹیم نے بہت محنت کی، جس کے نتیجے میں پاکستان کے حق میں فیصلہ آیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved