روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کو دورہ روس کی دعوت دی ہے، جسے ایرانی ہم منصب نے قبول کرلیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن کی دعوت کے بعد دورہ روس کی تیاری کر رہے ہیں جو آئندہ ماہ متوقع ہے۔ 4 سال بعد یہ کسی ایرانی صدر کا روس کا پہلا دورہ ہوگا۔
بیان کے مطابق اس دورے میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور تجارتی تعاون پر بات ہوگی، جس کے خطے میں قیام امن کیلئے دیرپا نتائج نکلیں گے۔
روس کی جانب سے ایرانی صدر کے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک خطے میں اہم اتحادی ہیں اور خطے میں تیزی سے بدلتی صورت حال پر دونوں صدور تبادلہ خیال کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکہ کے ساتھ دونوں ممالک کی کشیدگی کے باعث روس اور ایران کے مضبوط سیاسی اور عسکری تعلقات ہیں، اور یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب یوکرائن تنازع کے باعث امریکہ اور روس میں گہری کشیدگی پائی جاتی ہے، اور دوسری جانب جوہری مذاکرات کے معاملے میں ایران اور امریکہ کے تعلقات بھی شدید تناؤ کا شکار ہیں۔