وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی زیر قیادت حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے پارلیمانی گروپوں کا اجلاس آج طلب کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی قائدین کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔ حکومتی اتحاد کے پارلیمانی گروپ کا اجلاس وزیر اعظم کی زیر صدارت دوپہر 2 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔
پارلیمانی قائدین کے اجلاس کے لیے ایم کیو ایم، ق لیگ، جی ڈی اے اور بی اے پی کے پارلیمانی لیڈرز کو شرکت کو دعوت دےدی گئی ہے تاہم پارلیمانی قائدین سے ملاقات کابینہ کے خصوصی اجلاس سے پہلے ہوگی۔
دوسری جانب منی بجٹ میں کراچی کے ترقیاتی فنڈز میں ممکنہ کٹوتی پر وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) کے تحفظات ہیں۔
خیال رہے کہ کل کابینہ ارکان سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے مِنی بجٹ لانے کی وجہ نوازشریف اور آصف زرداری کو بتایا اور کہا کہ سابق حکمرانوں نے عالمی اداروں سے قرض لے کر ہمیں غلام قوم بنادیا ہے، عالمی اداروں کے قرض اور سود واپس کرنے کے لیے ان ہی اداروں سے پھر قرض لینا پڑتا ہے۔