مسجد الحرام سمیت سعودی عرب میں اومی کرون کے باعث نئی پابندیاں نافذ

30  دسمبر‬‮  2021

دنیا کے مختلف ممالک میں اومی کرون کے پھیلاؤ کے سبب پابندیاں عائد کرنے پر غور کیا جارہا ہے، جبکہ اومی کرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے سبب حرمین سمیت سعودی عرب میں نئی پابندیوں کے نفاذ کا اعلان کردیا گیا ہے ۔

سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ دنیا بھر میں کووِڈ-19 کے کیسوں میں اضافے کے پیش نظر جمعرات سے مملکت میں بیرونی تقریبات سمیت عوامی مقامات پرلازمی ماسک پہننے کی پابندی دوبارہ نافذ کی جارہی ہے۔ ان پابندیوں کا اطلاق مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ پر ہو گا اور نمازیوں کو نماز کے ساتھ ساتھ طواف میں بھی سماجی فاصلہ اختیار کرنا ہو گا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 30 دسمبر 2021 کو صبح 7:00 بجے سے ماسک پہننے کی پابندی کا حکم نافذالعمل ہوگا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ مطاف میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے پہلے کی طرح ٹریک بنائے جا رہے ہیں اور زمین پر نشانات کے سٹیکرز چسپاں کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ نمازیوں کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ قائم کرنے کے لیے مصلوں کی دوبارہ تقسیم بھی شروع کی جا چکی ہے اور اسٹیکر چسپاں کیے جارہے ہیں۔نمازیوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی دوسروں کی صحت کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے نماز اور طواف کے دوران پابندیوں پر سختی سے عمل کریں۔

یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا ہے کہ پہلے سے دریافت شدہ تمام ویریئنٹ کی نسبت سب  سے زیادہ تیزی سے منتقل ہونے والا وائرس اومیکرون اور ڈیلٹا ویریئنٹ بیک وقت تیزی سے پھیل رہے ہیں، جس سے  کوروناکیسز کا نیا سونامی آنے کا اندیشہ ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved