مہاتما گاندھی کے بارے میں توہین آمیز تبصرہ کرنے پر انتہا پسند ہندو رہنما کالی چرن کالی چرن گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق چھتیس گڑھ کے رائے پور میں منعقد مبینہ دھرم سنسد میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کی توہین کی گئی ہے۔ یہاں کی دھرم سنسد میں اسٹیج سے سادھو کا چولا پہنے ایک شخص نے گاندھی کی شان میں نازیبا الفاظ کا استعمال کیا اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کو گالی دی۔ اسی شخص نے گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کی خوب تعریف کی۔اس شخص کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
اس کے علاوہ کالی چرن مہاراج نے مسلمانوں کے خلاف بھی زہر اگلتے ہوئے کہا کہ اسلام کا مقصد اپنے نظریات کے ذریعے قوم پر قابض ہونا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے بھارتی عوام سے اپیل بھی کی کہ ہندوازم کو بچانے کے لیے کٹر ہندو سیاسی رہنماؤں کو منتخب کریں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد کالی چرن مہاراج روپوش ہو گئے تھے اور ان کے قریبی ساتھیوں نے بھی مہاراج کو گرفتاری سے بچانے کے لیے اپنے موبائل فون بند کر دیے تھے۔تاہم اب رائے پور پولیس نے کالی چرن مہاراج کو متازع تقریر کرنے کے الزام میں گرفتار کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
مہاتما گاندھی کے خلاف بیان دینے والے کالی چرن مہاراج نے ایک اور ویڈیو جاری کی ہے، جس میں وہ یہ کہتے ہوئے نظر آئے ہیں کہ انہیں اپنے خلاف درج ایف آئی آر پر افسوس نہیں ہے۔