آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قوم ان تمام ڈاکٹروں اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے وبا کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں اور کئی قیمتی جانیں بچائیں۔
راولپنڈی – (اے پی پی): چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نےکورونا وبا کے خلاف صف اول کے سپاہیوں کے طور پر طبی برادری کے مثالی کردار اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے لوگوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے 54ویں کانووکیشن کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن کی تقریب جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
آرمی چیف کی آمد پر کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے نائب صدر پروفیسر شعیب شفیع نے استقبال کیا۔آرمی چیف نے کامیاب گریجویٹس کو ڈگریاں اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو میڈلز عطا کئے۔ اس موقع پر آرمی چیف کو کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کی اعزازی فیلو شپ سے بھی نوازا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کامیاب گریجویٹس کو مبارکباد دی اورخاص طور پر پاکستان کے ڈاکٹروں/فزیشنز کو عصری بین الاقوامی فورمز کے برابر متعلقہ شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کے قابل بنانے میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔انہوں نے وبائی مرض کے خلاف صف اول کے سپاہیوں کے طور پر طبی برادری کے مثالی کردار اور خدمات کو سراہا اور کہا کہ ڈاکٹرز اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکن ہیرو ہیں جنہوں نے تمام چیلنجوں کے باوجود کوروناکے دوران پاکستان کے لوگوں کی حفاظت اور بہبود کے لئے انتھک محنت کی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم ان تمام ڈاکٹروں اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے وبا کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں اور کئی قیمتی جانیں بچائیں۔ قومی صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں آرمی میڈیکل کور کے بھرپور تعاون کا ذکر کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔