پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک کا کہنا ہےکہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کو مدت ملازمت میں توسیع کی پیشکش ضرور کی لیکن غیر معینہ مدت کی توسیع کی بات درست نہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ عمران خان ان سے وزارت داخلہ کا وعدہ کرکے مکرگئے، وہ جھوٹے شخص ہیں، صدر پاکستان بننےکی بھی پیشکش کی گئی جسے انہوں نے ٹھکرا دیا۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ میرے علاوہ اسد قیصر کو بھی صدر مملکت کے عہدے کی پیشکش کی گئی جسے انہوں نے بھی قبول نہ کیا۔
عمران خان دور میں وزیر دفاع رہنے والے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ جب ہم نے جنرل باجوہ کو توسیع کی پیشکش کی اس وقت تک دیر ہوچکی تھی اور پانی سر سے اونچا ہوچکا تھا، جنرل باجوہ کو غیرمعینہ مدت تک کی توسیع کی پیشکش کی بات درست نہیں۔
نوشہرہ سے اپنے رشتے داروں کو پارٹی ٹکٹ دینے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جو بھی سیٹ جیت سکتا ہے اس کو ٹکٹ دیں گے، چاہے وہ ان کےگھر سے ہو۔