وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اب اپوزیشن کو علاج کیلئے لندن، امریکہ جانے کی ضرورت نہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کا آغاز ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے کیا اور اب مارچ تک پنجاب بھر میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ لانچ کر دیا جائے گا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب بھر میں 23 اسپتالوں کی تعمیر کے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے جبکہ پنجاب بھر میں 158 اسپتالوں اور طبی مراکز کی اپ گریڈیشن کی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت کے 91 منصوبے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت مکمل کیے جائیں گے اور اب کسی کو اوراپوزیشن والوں کوعلاج کے لیے لندن یا امریکہ جانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن کا قومی اسمبلی میں غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی رویہ قابل مذمت ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کے اراکین نے جمہوری روایات کی دھجیاں اڑائیں، ان کا بلا جواز شور شرابا صرف خود نمائی کی ناکام کوشش تھا۔