وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ شریف خاندان اور ان کے ملازمین کو بھی ہیلتھ کارڈز بھجوا رہے ہیں
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ آج ہم ہیلتھ کارڈ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو بھجوا رہے ہیں۔ اور ان کے ملازمین کو بھی ہیلتھ کارڈز بھجوا رہے ہیں جس کے بعد اب کسی کو بھی علاج کے لیے لندن جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
شہباز گل نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بھی ہیلتھ کارڈ بھجوا رہے ہیں، ان 16 ملازمین کوبھی ہیلتھ کارڈ بھجوائیں گےجن کےاکاؤنٹ میں جعلی ٹی ٹی لگتی رہیں۔
آج لاہور کے عوام کے لیے تاریخی دن ہے اور پاکستان کی تاریخ میں نیا باب لکھا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے شہری اسپتالوں میں دس لاکھ روپے تک کا علاج کراسکیں گے اور پنجاب کے ہر شہری کو صحت کارڈ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ 31 مارچ تک پورے پنجاب میں صحت کارڈ کی سہولت دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نےغریب آدمی کو ہیلتھ کارڈ دیا ہے۔ انہوں نے منی جبٹ کے حوالے سے کہا کہ جوچیزیں ہمارے اختیار میں ہیں وہ سستی رکھی گئی ہیں اور جو اختیار میں نہیں ہیں وہ مہنگی ہوئی ہیں۔