کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک کان کن اپنی جان کی بازی ہار گیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع دُکی کی کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے چار کان کن پھنس گئے تھے۔ کان میں سے دو کان کنوں کو زندہ اور ایک کی لاش نکال لی گئی ہے ، کان میں پھنسے ایک کان کن کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
چیف مائنز انسپکٹر عبدالغنی نے بتایا کہ کان کن 1200 فٹ نیچے گہرائی میں پھنسا ہوا ہے جسے بحفاظت باہر نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن میں محکمہ معدنیات کے اہلکاروں کے ساتھ مقامی کوئلہ کانوں کے مزدور بھی حصہ لے رہے ہیں۔جاں بحق کان کنوں کی شناخت غلام قادر اور شادی خان کے نام سے ہوئی ہے۔