عرب فوجی اتحاد نے یمن کے شہر صنعاء میں کی گئی فضائی کاروائیوں میں حوثی باغیوں کے 3 بمبار ڈرون طیاروں کو تباہ کر دیا ہے۔
ترجمان عرب اتحاد کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں ان کے جنگی طیاروں نے شبوہ گورنری کے شمال مغرب میں واقع بیہان ڈاریکٹوریٹ میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں اوران کے اجتماعات پر بمباری کی، ترجمان کے مطابق ان کاروائیوں میں حوثی ملیشیاء کی مشہور سائٹ الحمیٰ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
حوثی باغیوں کے نقصانات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ فضائی کاروائیوں میں حوثی ملیشیاء کے 3 ڈرون طیاروں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے، اور مختلف حملوں میں درجنوں باغی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
ترجمان عرب اتحاد کی جانب سے جانی نقصان کے اعدادوشمار جاری نہیں کئے گئے۔
دوسری جانب یمنی صوبے شبوہ کی سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ عوض العولقی کو بیحان، عسیلان اور عین کے اضلاع میں ہنگامی حالت اور کرفیو نافذ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔
العولقی نے سرکاری نیوز ایجنسی کو ایک بیان میں کہا کہ تینوں اضلاع میں کرفیو نافذ کیا جائے گا، کیونکہ یہ زمینیں جنگی کارروائیوں اور لڑائیوں کا میدان بنی ہوئی ہیں، اور انہیں ملیشیا سے مکمل طور پر آزاد کرایا جائے گا۔