کیپ ٹاؤن میں واقع جنوبی افریقہ کی قومی اسمبلی کی عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بلڈنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ جنوبی افریقہ کے وقت کے مطابق گذشتہ رات 3 بجے پیش آیا، جنوبی افریقہ میں پارلیمانی ترجمان مولوتوموتھاپو کا کہنا ہے کہ شدید آگ کے نتیجے میں قومی اسمبلی کا وہ حصہ مکمل تباہ ہو گیا ہے جہاں اراکین پارلیمنٹ بیٹھتے ہیں۔
برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق اس پارلیمنٹ کمپلیکس میں کئی عمارتیں موجود ہیں، قومی اسمبلی یا ایوان زیریں اس حصے میں واقع ہے جسے نیو ونگ کہا جاتا ہے، جبکہ ایوان بالا اولڈ ونگ کی عمارت میں ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو ونگ کی عمارت جل کر خاک ہو گئی ہے، کیونکہ اس پر زیادہ تر کام لکڑی سے کیا گیا تھا، جبکہ اولڈ ونگ کی عمارت کو بچا لیا گیا ہے۔
قدیم عمارت میں جنوبی افریقہ کی تاریخی اور نایاب کتابیں بھی موجود تھیں، جبکہ سابق افریقن قومی ترانے کی اصل کاپی بھی اسی عمارت میں رکھی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جبکہ ایک مشکوک شخص کو حراست میں لیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔