مسلم خواتین کی نیلامی، بھارت میں مسلمانوں کیلئے جگہ مسلسل کم ہو رہی ہے، دنیا نوٹس لے، پاکستان

4  جنوری‬‮  2022

پاکستان نے بھارت میں مسلم خواتین کی نیلامی، ان کی تذلیل اور ہراساں کرنے کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی): ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں مسلم خواتین کی تذلیل، ہراساں اور ان کی توہین کرنے کے لئے ان کی تصاویر انتہائی اشتعال انگیز کیپشن کے ساتھ ویب ایپ پر ”نیلامی“ کیلئے پیش کی گئیں۔ نفرت پھیلانے والوں نے تقریباً 100 بااثر مسلم خواتین کے وقار پر حملے کر کے ذلت آمیز تبصروں کیساتھ انہیں ”نیلامی“ کے ذریعے فروخت کیلئے پیش کیا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف نفرت پر مبنی جارحانہ حملوں کا یہ نیا سلسلہ ہے جس کے تحت خواتین بالخصوص مسلم خواتین کی تذلیل اور انہیں ہراساں کرنے کے لیے سائیبر سپیس اور سوشل میڈیا کو استعمال کیا گیا ہے۔اس اقدام کا مقصد مسلم کمیونٹی میں خوف اور شرم کے احساس کو پھیلانا ہے۔ ان خوفناک واقعات نے مسلم خواتین کو صدمے اور گہرے خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔ نئی دہلی میں ہندوتوا سے متاثر بی جے پی۔آر ایس ایس گٹھ جوڑ کے تحت، اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں  کیلئے ہندوستان میں جگہ مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے۔یہ انتہائی قابل مذمت ہے کہ چھ ماہ قبل بھارت میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر درجنوں بااثر مسلم خواتین کو ”نیلام“ کرنے والے اسی طرح کے گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

پاکستان نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور متعلقہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت میں بڑھتی ہوئی زینو فوبیا، اسلامو فوبیا اور اقلیتوں کے خلاف پرتشدد حملوں کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور ان کی حفاظت، سلامتی کو یقینی بنائیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved