اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا پانچوں سپر پاورز کی جانب سےایٹمی جنگ نہ کرنے کےمشترکہ اعلامیے کا خیرمقدم

4  جنوری‬‮  2022

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے 5عالمی جوہری طاقتوں کی جانب سےایٹمی جنگ سے بچنے اور ایٹمی ہتھیاروں کے مزید پھیلاؤ کو روکنے بارے مشترکہ بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔

اقوام متحدہ – (اے پی پی): اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ سیکرٹری جنرل نے 5عالمی جوہری طاقتوں کی جانب سےایٹمی جنگ سے بچنے اور ایٹمی ہتھیاروں کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کا خیرمقدم کیا ہے اور جوہری طاقت کی حامل ریاستوں کی طرف سے اپنے دو طرفہ اور کثیر جہتی عدم پھیلاؤ، تخفیف اسلحہ اور ہتھیاروں کے کنٹرول کے معاہدوں اور وعدوں کی تعمیل کرنے کی ضرورت اور جوہری تخفیف اسلحہ سے متعلق جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں کو تسلیم کرنے کےبیان کو سراہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستوں کے ایٹمی جنگ کو روکنے کے عزم کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور مستقبل کے اقدامات کے بارے میں مزید تفصیلات کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام جوہری خطرات کو روکنے کا واحد حل تمام جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ ہے اور سیکرٹری جنرل جلد اس ہدف کے جلد حصول کے لیے جوہری طاقتوں کی حامل ریاستوں کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں ۔

واضح رہے کہ پیر کو5عالمی جوہری طاقتوں امریکا، برطانیہ، روس، چین اور فرانس جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان بھی ہیں نے ایک مشترکہ بیان میں ایٹمی جنگ شروع نہ کرنے پر اتفاق کیا اور کہا کہ ہم اس بات پر سختی سے یقین رکھتے ہیں کہ نیوکلیئر ہتھیاروں کا مزید پھیلاؤ روکا جائے۔عالمی طاقتوں نے کہا کہ نیوکلیئر ہتھیاروں کے غیرقانونی یا غیرارادی استعمال کے تدارک کے لیے قومی سطح پر اقدامات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved