ضمنی انتخابات: مختلف پولنگ سٹیشنز پر لڑائی جھگڑے، کارکن قتل، 3 زخمی

21  اپریل‬‮  2024

قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے دوران مختلف پولنگ سٹیشن پر لڑائی جھگڑے اور بدنظمی کے واقعات رپورٹ ہونے لگے۔

نارووال کے حلقہ پی پی 54 کے گاؤں کوٹ ناجو میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا جس کے نتیجے میں لیگی کارکن جاں بحق ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق مخالفین نے جھگڑے کے دوران سر میں ڈنڈا مار دیا تھا، شدید زخمی 60 سالہ محمد یوسف ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی جان کی بازی ہار گیا، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

فیروزوالہ میں گورنمنٹ پرائمری سکول نظام پورہ میں لڑائی جھگڑے اور فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوگئے۔

شیخوپورہ کی تحصیل فیروزوالہ میں مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین گتھم گتھا ہوگئے، کارکن ایک دوسرے پر مکے برساتے رہے، پولیس خاموش تماشائی بنی رہی، گولیوں کی تھرتھراہٹ سے علاقہ گونج اٹھا، ووٹ کاسٹ کرنے آئی خواتین کی دوڑیں لگ گئیں۔

شیخوپورہ میں پی پی 139 کے پولنگ سٹیشن جھگیاں سیالہ میں مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے حامیوں میں جھگڑا ہوا جس کے باعث پولنگ کا عمل بند کر دیا گیا۔

ترجمان الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق صورتحال پر قابو پا کر پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پی پی 149 کے پولنگ سٹیشن 171 میں سنی اتحاد کونسل اور آئی پی پی کے امیدواروں میں جھگڑا ہوا، موقع پر موجود پولیس نے آئی پی پی اور سنی اتحاد کونسل کے کارکنوں کو حراست میں لے لیا، جھگڑا کیمپ لگانے پر ہوا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved