علی امین کےخلاف غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس، تمام گواہان پر جرح مکمل

3  مئی‬‮  2024

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ، شراب برآمدگی کیس میں تمام گواہان پر جرح مکمل کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے مقدمے کی سماعت کی، علی امین گنڈاپور کے وکیل ظہورالحسن، پراسیکیوٹر خیام عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت کیس کے آخری گواہ یونس کی وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں حاضری لگا کر جرح مکمل کرلی گئی۔

علی امین کی گاڑی سے برآمد بوتل بھی بطور ثبوت عدالت پیش کی گئی، گواہ یونس نے بوتل کی بطور ثبوت ریکارڈ کا حصّہ بنانے کی تصدیق کردی۔

بعد ازاں وکیل ظہورالحسن نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے لیے سوالنامہ مہیہ کردیں، جج نے ریمارکس دیے کہ سوالنامہ جمع کرواتے وقت علی امین گنڈاپور کا کمرہ عدالت میں ہونا لازمی ہے، اب علی امین نے کب آنا ہے ضلعی کچہری؟

وکیل نے جواب دیا میں آپ کو بتا دیتا ہوں، کل تک سوالنامہ مہیہ کردیں، جج صہیب بلال نے ریمارکس دیے کہ کل تک سوالنامہ دے دیا جائےگا، آئندہ تاریخ بھی بتا دی جائے گی۔

بعد ازاں عدالت نے علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ، شراب برآمدگی کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں اگلی سماعت پر شہادتیں مکمل کرنے اور جرح مکمل کرنے کی ہدایت کردی تھی۔

27 اپریل کو وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی تھی۔

اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا نے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں درج غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کی۔

یاد رہے کہ 7 مارچ کو اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور شراب کا مقدمہ دوبارہ ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیا تھا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کو اشتہاری قرار دینے کے احکامات کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved