وزیر اعظم عمران خان نے 3 سالوں کے دوران 31 غیرملکی دورے کیے جن پر 20 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات کیے گئے۔
اپوزیشن کے مطالبے پر وزیر اعظم عمران خان کے 3 سالوں کے دوران غیر ملکی دوروں کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ ایوان بالا میں پیش کردی گئی۔سینیٹ اجلاس میں وزارت خارجہ نے تحریری جواب میں بتایا ہے کہ وزیراعظم نے حلف اٹھانے سے اب تک 31 غیر ملکی دورے کئے، دوروں کے دوران مجموعی طور پر 47 دن ملک سے باہر قیام کیا، غیر ملکی دوروں پر 20 کروڑ 37 لاکھ 67 ہزار سے زائد کل اخراجات آئے۔
سینیٹ کو جماعت اسلامی (جے آئی) کے مشتاق احمد کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ وزیراعظم نے گزشتہ 3 سال کے دوران 14 ممالک کے 31 دورے کیے جن پر قومی خزانے سے 20 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئی۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیراعظم عمران خان اور ملک کے سابق حکمرانوں کے غیر ملکی دوروں کے معاملے پر اپوزیشن اراکین اور ایک حکومتی وزیر کے مابین زبانی جھڑپ کے بعد مکمل جائزہ لینے اور تقابلی رپورٹ کی تیاری کے لیے ایوان کی کمیٹی کو بھجوا دیا۔
خیال رہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن نے وزیر اعظم کے دوروں کی تفصیلات ایوان کو فراہم نہ کرنے پر واک آؤٹ کیا تھا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ بتایا جائے وزیر اعظم اپنے دور میں ابھی تک کتنے ممالک کے دورے کیے، وزیراعظم کے ساتھ کون کون کس حیثیت میں دوروں پر گیا۔