سکھوں نے مودی کو پنجاب میں جلسہ کرنے سے روک دیا، قافلے کا گھیراؤ

5  جنوری‬‮  2022

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ریاستی انتخابات سے قبل فیروز پور شہر میں ایک ریلی سے بھی خطاب کرنے جا رہے تھے کہ ان کے قافلے کو جلسہ گاہ سے 30 کلومیٹر قبل مظاہرین نے روک لیا۔

مظاہرین بی جے پی اور کابینہ کے وزیر کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے جن کے بیٹے نے زرعی اصلاحات کے خلاف احتجاج پر مشتعل ہو کر کسانوں پر گاڑی چڑھا دی تھی، جس کے نتیجے میں 4 مظاہرین ہلاک ہو گئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی کے قافلے کو مظاہرین نے ایک فلائی اوور پر روک لیا، جہاں وہ 20 منٹ تک پھنسے رہے، اور سیکیورٹی فورسز نے اس جگہ کو گھیرے میں لئے رکھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سکھوں نے وزیراعظم کو خبردار کیا تھا کہ وہ اپنے جلسے کیلئے پنجاب نہ آئیں، ورنہ نقصان کی ذمہ دار مرکزی حکومت ہو گی۔ آج 20 منٹ تک مظاہرین میں پھنسے رہنے کے بعد انٹیلی جنس حکام کے مشورے کے بعد مودی دورہ پنجاب ختم کر کے واپس دہلی چلے گئے۔

ٹوئٹر پر ایک بھارتی صارف نے وزیراعظم کے قافلے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ دیکھ لیں کہ یہاں بھارت کے وزیراعظم کو نشانہ بنانا کتنا آسان ہے۔

وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ وزیر اعظم کی سیکیورٹی میں ایک بڑی کوتاہی تھی،  نریندر مودی بھٹنڈا ائیر پورٹ پر پہنچے اور انہیں قومی شہدا کی یادگار اور بعد میں ہیلی کاپٹر میں ریلی کیلئے جانا تھا،لیکن خراب موسم کی وجہ سے سفر میں تاخیر ہوئی جس کے بعد مودی کا قافلہ بذریعہ روڈ روانہ ہوا لیکن مظاہرین نے یادگار سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر انہیں روک لیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دہلی حکومت نے پنجاب حکومت پر ناقص سیکیورٹی دینے کا الزام عائد کیا ہے، وزارت داخلہ نے کہا کہ سنگین سیکورٹی رسک پر پنجاب حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved