صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت ہندوتوا جیسی متعصبانہ پالیسیوں کے باعث تباہی کی طرف جارہا ہے۔
اسلام آباد – (اے پی پی): کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں بدھ کو یوم حق خود ارادیت منایا گیا۔کشمیری عوام 5 جنوری کو ہر سال یوم حق خود ارادیت کے طور پرمناتے ہیں، اس دن کو منانے کا مقصد اقوام متحدہ کو یہ یاد دلانا ہے کہ اس نے 13 اگست 1948ءاور 5 جنوری 1949ءکو اپنی قراردادوں میں کشمیری عوام کو رائے شماری کا موقع فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
یوم حق خود ارادیت کے موقع پر ایوان صدر اسلام آباد میں تقریب منعقد ہوئی جس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خطاب کیا، جس میں چیئرمین کشمیرکمیٹی شہریارآفریدی اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے بھی شرکت کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ اقتصادی طور پر مضبوط پاکستان دنیا کے سامنے کشمیریوں کا مقدمہ بہتر طریقہ سے رکھ سکتا ہے، پاکستان قانونی اور اخلاقی اعتبار سے کشمیر کا مقدمہ لڑے گا، کشمیری عوام حق خود ارادیت کی جدوجہد میں اکیلے نہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر کا آبادیاتی تناسب تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کررہا ہے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر کتاب”بانگ“ کی رونمائی بھی کی جو مقبوضہ کشمیر کے طویل ترین سیاسی قیدی ڈاکٹر قاسم فکتو نے تحریر کی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 5 جنوری کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس روز کشمیریوں سے رائے شماری کا وعدہ کیا تھا اور طویل عرصہ گزرنے کے باوجود عالمی ادارے نے یہ وعدہ پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، جن اصولوں کے تحت برصغیر تقسیم ہوا، انہیں پس پشت ڈالتے ہوئے بعض مسلم اکثریتی علاقے بھارت میں شامل کئے گئے، گرداسپور کو بھارت کا حصہ بنایا گیا جس کے نتیجہ میں بھارت نے کشمیر پر قبضہ کرلیا، نہرو مسئلہ کشمیر کو خود اقوام متحدہ میں لے کرگیا، اس وقت پاکستان اور کشمیریوں نے اقوام متحدہ پر اعتبار کیا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ایوان صدر میں مقبوضہ کشمیر کے طویل ترین سیاسی قیدی ڈاکٹر قاسم فکتو کی تحریر کردہ تحریر کتاب ”بانگ“ کی تقریب رونمائی سے خطاب
مکمل خطاب سنیے 👇https://t.co/yHwXpHRDfs pic.twitter.com/exrUmZpI4t
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) January 5, 2022
صدر مملکت نے کہا کہ باؤنڈری کمیشن نے گرداسپور کے علاوہ مشرقی پاکستان سے منسلک کئی علاقوں کو بھارت کے ساتھ ملایا، بین الاقوامی برادری نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔ انہوں نے گذشتہ 29 سال سے بھارت کی جیل میں قید ڈاکٹر محمد قاسم فکتو کو خراج تحسین پیش کیا جو بھارتی مظالم کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔