کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہر جماعتِ اسلامی کا جاری دھرنا ساتویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جماعتِ اسلامی کا دھرنا جاری ہے آج صبح دھرنے میں عثمان پبلک اسکول کے اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ا س موقع پر اساتذہ کرام اور طلبہ کی جانب سے سندھ میں نئے بلدیاتی قانون کے خلاف تقاریر کی گئیں جبکہ کئی طلبہ نے ترانے بھی سنائے۔
سندھ میں نئے بلدیاتی قانون کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے یہ دھرنا دیا جا رہا ہے۔امیرِ جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے جمعہ 7 جنوری سے صوبے کے تمام شہروں میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں خیرات نہیں، اس شہر کا حق چاہیے، جو لے کر رہیں گے۔امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے پیر سے دھرنے میں خواتین کی شرکت کا اعلان بھی کیا ہے۔
دھرنے کے دوران گزشتہ روز باکسنگ ٹیموں میں مقابلے بھی کرائے گئے، رات گئے دھرنے کے شرکاء نے کرکٹ اور بیڈمنٹن بھی کھیلا۔
دھرنے کے شرکاء کے لیے رات بھر انڈے، سوپ اور چائے سے تواضع کی گئی۔