فرانس نے گوگل پر 150 ملین یورو اور فیس بک پر 60 ملین یورو کا بھاری جرمانہ عائد کردیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق فرانس کے نیشنل کمیشن برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی(سی این آئی ایل) نے گوگل اور فیس بک پرکوکیز استعمال کرنے پر بھاری جرمانہ لگا دیا ہے۔سی این آئی ایل کی سربراہ کیرن کیفر کے مطابق ان دونوں کمپنیوں نے کوکیز قبول کرنے کے مرحلے کو انتہائی آسان بنارکھا ہے جو صرف ایک کلک پر ہوجاتا ہے اور اگر کوئی صارف اسے قبول نہ کرنا چاہے تو وہ پروگرام سے فائدہ نہیں اٹھا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں کمپنیوں کو تین ماہ کا وقت دیا ہے اگر اس پر عمل نہیں کرتے تو ایک دن کا ایک لاکھ یورو کے اضافی جرمانہ لیا جائے گا۔
کوکیز کیا ہیں؟
کوکیز آپ کے ڈیٹا پر مشتمل چھوٹی فائلز ہوتی ہیں، اکثر ویب سائٹ کھولنے پر آپ کے سامنے کوکیز کا ایک آپشن آتا ہے، کوکیز میں آپ کی معلومات بذریعہ ٹریکنگ شامل ہوتی ہیں،کوکیز سے ویب سائٹ کا سرور آپ کی ڈیوائس مثلاً موبائل یا لیپ ٹاپ کی پہچان کرلیتا ہےآپ کی معلومات اس کے پاس چلی جاتی ہیں۔
اب فرانس کےجرمانے کے بعد گوگل نے کوکیز کے استعمال سے متعلق تبدیلی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ہر صارف اپنی مرضی سے کوکیز کو استعمال کرنا چاہے،اسے مجبور نہیں کیا جائے گا۔