عمان میں مجلس کے دوران دہشت گردوں کا حملہ، 4 پاکستانیوں سمیت 5 افراد جاں بحق

16  جولائی  2024

عمان کے دارالحکومت مسقط میں مسجد پر فائرنگ سے4 پاکستانی شہید اور 28 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عمانی حکام نے دہشت گردی کے واقعے میں4 پاکستانیوں کی شہادت کی اطلاع دی ہے۔

ترجمان کے مطابق دہشتگردی کا واقعہ مسقط میں علی بن ابی طالب مسجد میں رونما ہوا۔ مختلف اسپتالوں میں مزید زخمی پاکستانی زیرعلاج ہیں۔

عمان پولیس کے مطابق فائرنگ مسقط کی وادی کبیر میں واقع مسجد علی ابن ابی طالب میں گزشتہ شب کی گئی تھی۔

پاکستانی سفیر عمران علی کے مطابق 30 زخمی عمان کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے عمان کے اسپتالوں میں زیر علاج پاکستانی زخمیوں کی عیادت کی ہے۔

پاکستانی سفیرکا کہنا ہےکہ عمانی حکام  اور  اسپتال انتظامیہ سے  رابطے میں ہیں۔پاکستانی سفارت خانے میں زخمیوں اور ان کے اہلخانہ کی راہنمائی کے لیے ہاٹ لائن بھی بنا دی گئی ہے۔

دوسری جانب عمانی سکیورٹی فورسز کا کہنا ہےکہ وادی کبیرکی مسجد میں حملہ کرنے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیاگیا، مسجد فائرنگ کے واقعے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 6 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق عمان کے دارالحکومت مسقط میں وادی الکبیر کی امام علی مسجد میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

دہشتگردوں کے حملے کے دوران مسجد میں مجلس عزا جاری تھی، جس میں 700 سے زائد افراد موجود تھے۔

رائل عمان پولیس نے بتایا کہ وادی الکبیر کے علاقے میں ایک مسجد پر فائرنگ کی اطلاعات ملی ہیں جس میں ابتدائی طور پر 5 افراد کے جاں بحق اور درجنوں زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ علاقائی تنازعات میں باقاعدگی سے ثالث کا کردار ادا کرنے والی سلطنت عمان میں اس طرح کے حملے شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں۔

عمان میں موجود اے ایف پی کے ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد لوگوں کو امام علی مسجد سے بھاگتے ہوئے دیکھا گیا، اس دوران مسلسل گولیوں کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں، جب کہ لوگ یا حسین، یاحسین کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل رہے تھے۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات اور طریقہ کار اختیار کیے گئے ہیں، جب کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved